خبرنامہ پاکستان

را، این ڈی ایس ملکر پاکستان میں عدم استحکام پھیلا رہے ہیں، دفتر خارجہ میں بریفنگ

را، این ڈی ایس ملکر پاکستان میں عدم استحکام پھیلا رہے ہیں، دفتر خارجہ میں بریفنگ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان کی سول و ملٹری قیادت نے بدھ کے روز اسلام آباد میں تعینات تمام ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز کو بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور افغان خفیہ ادارہ ’این ڈی ایس‘ مل کر پاکستان میں عدم استحکام پھیلا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے متعلق بریفنگ دی۔ بریفنگ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور سیکریٹری خارجہ نے سفیروں اور ہائی کمشنرز کو دی جس میں ڈی جی ملٹری آپریشن، ڈی جی ملٹری ایم آئی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹینیٹ جنرل بلال اکبر نے بھی شرکت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر سیز فائر خلاف ورزیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خارجہ نے گزشتہ 16 سال میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضرب عضب اور ردالفساد سمیت پاکستان نے کامیاب آپریشنز کیے ہیں۔ سفیروں کو بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ اور افغان ادارے این ڈی ایس کے باہمی تعلق پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ مل کر پاکستان میں عدم استحکام پھیلا رہے ہیں۔ سفیروں کو بتایا گیا کہ بھارتی خفیہ ادارے کی سرگرمیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی توجہ کو ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ سفیروں نے کوئٹہ کے واقعے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار افسوس کیا جبکہ دفتر خارجہ اور ملٹری قیادت کی مشترکہ بریفنگ پر اظہار تشکر کیا۔ حکومت پنجاب نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں بتایا کہ قصور میں مظاہرین پر فائرنگ کرنے والے چاروں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔