خبرنامہ پاکستان

راؤ انوار کے خلاف جوڈیشل انکوائری کے لیے کراچی میں دھرنا

راؤ انوار کے خلاف جوڈیشل انکوائری کے لیے کراچی میں دھرنا

کراچی:(ملت آن لائن) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چند روز قبل قتل کیے جانے والے نقیب اللہ محسود کے قتل کے خلاف دھرنا دیا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی کا وفد بھی دھرنے میں پہنچا اور نقیب کے والد کو انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے نقیب اللہ محسود کے قتل کے ذمہ دار سابق ایس ایس پی راؤ انوار کے خلاف جوڈیشل انکوائری کے لیے سہراب گوٹھ پر دھرنا دیا جارہا ہے۔ دھرنے میں محسود قبائل کے افراد اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ دھرنے میں رکن صوبائی اسمبلی عرفان اللہ مروت نے بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ راؤ انوار نے زمینوں پر قبضے کیے، کوئی بولنے والا نہیں تھا۔ ظلم کے خلاف آواز اٹھانے پر محسود قبائل کو سلام پیش کرتا ہوں۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی کا وفد بھی دھرنے میں پہنچا اور نقیب اللہ محسودکے والد سے ملاقات اور تعزیت کی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایک ڈیڑھ ماہ پہلے پیپلز پارٹی کے کارکن کو بھی ایسے قتل کیا گیا۔ یہ تاثر درست نہیں کسی مخصوص جماعت یا لوگوں کو مارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن مقابلوں میں لوگ مارے گئے ان کی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ کسی مجرم کو بھی پولیس کو براہ راست مارنے کی اجازت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرگے کے مطالبے کے مطابق کمیشن کی تشکیل کے لیے کردار ادا کریں گے۔ دوسری جانب نقیب اللہ کیس میں نامزد راؤ انوار اور دیگر ملزمان روپوش ہوچکے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔