خبرنامہ پاکستان

رائیونڈ دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی

رائیونڈ دھماکے

رائیونڈ دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی

رائے ونڈ: (ملت آن لائن) لاہور رائیونڈ خودکش حملہ میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ، کور کمانڈر لاہور، آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب رائے تبلیغی مرکز کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے خود کش دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا، مقدمے میں دہشتگردی، قتل سمیت دیگر دفعات درج ہیں۔ دنیا نیوز نے مقدمے کی کاپی حاصل کر لی۔ ایف آئی آر کے مطابق رات 8 بج کر 50 منٹ پر 4 مشکوک افراد نے اجتماع میں داخلے کی کوشش کی تھی، پولیس کے روکنے پر 3 افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی گلی میں فرار ہو گئے جبکہ ایک خود کش بمبار نے پولیس اہلکاروں کے پاس آکر اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔
تبلیغی اجتماع کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام
رائیونڈ خود کش دھماکے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید ہوئے جبکہ 30 زخمی شہر کے 4 مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، زخمیوں میں 18 پولیس اہلکار جبکہ 12 عام شہری ہیں۔ جناح ہسپتال میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 8 زخمیوں کا علاج جاری ہے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ جنرل ہسپتال میں اس وقت 8 پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد زیر علاج ہیں ۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائیونڈ میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 زخمی زیر علاج ہیں ۔ شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زیر علاج ہیں۔