خبرنامہ پاکستان

راحیل شریف نے مادر علمی کے لیے 20 لاکھ روپے عطیہ کردیے

راحیل شریف نے مادر علمی کے لیے 20 لاکھ روپے عطیہ کردیے

لاہور:(ملت آن لائن) سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنی مادر علمی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں قائم انڈومنٹ فنڈ کے لیے 20 لاکھ روپے عطیہ کردیے۔ عطیہ شدہ رقم مستحق طلبا کی فیس ادا کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ’اولڈ راوینز یونین‘ کے سالانہ ڈنر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جو ان کے تعلیمی ادارے کے اوول گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راحیل شریف کا کہنا تھا کہ وہ اپنے زمانہ طالب علمی کو بہت یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ہمشیرہ اور دو بھائیوں میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر) اور کیپٹن ممتاز شریف نے بھی اسی ادارے سے تعلیم حاصل کی۔
جنرل راحیل نے اپنے اساتذہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے انہیں نہایت حوصلے اور عظمت سے زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنا سکھایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن عامر شاہ نے بتایا کہ ادارے کے انڈومنٹ فنڈ کے لیے 36 کروڑ روپے جمع کیے جا چکے ہیں جس سے 600 طلبا کو اپنی تعلیم مکمل کرنے میں مدد ملی۔ خیال رہے کہ جنرل راحیل شریف سنہ 2013 سے 2016 تک پاک فوج کے سربراہ رہے۔ ان کے دور میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا جس سے ملک میں دہشت گردی کے عفریت کو قابو کرنے میں خاصی حد تک مدد ملی۔