خبرنامہ پاکستان

رانا افضل خان نے وزیرمملکت برائے خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

رانا افضل خان نے وزیرمملکت برائے خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل خان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے رانا افضل خان سے وزیرمملکت برائے خزانہ کا حلف لیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔ اس سے قبل رانا افضل پارلیمانی سیکریٹری خزانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ سابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی بیماری کے باعث ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امور خزانہ چلا رہے تھے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کی 21 دسمبر کو ہونے والی ملاقات کے دوران رانا افضل کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

…….
…..اس خبر کو بھی پڑھیے…..

صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل؛ وزیراعظم

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معاشرے بالخصوص غریب طبقات کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو ایوان وزیر اعظم میں کنٹونمنٹ ہسپتال راولپنڈی کی تشکیل نو کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر ، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، سیکرٹری خزانہ اور سینئر افسران شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس نے وزیراعظم کو کنٹونمنٹ ہسپتال میں رہائشیوں اور غیر رہائشیوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بالخصوص غریب افراد کو صحت کی بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے ہسپتال کی تزئین اور اسے جدید ترین طبی ساز و سامان سے آراستہ کرنے کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کو بتایاگیاکہ اپ گریڈیشن منصوبوں میں موجودہ 500 بستروں کی سہولت کو مکمل طورپر فعال کرنے کے علاوہ ایک میڈیکل کالج کے قیام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہریوں خاص طور پر غریب طبقوں کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے صحت کی مناسب سہولیات کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت انسانیت کی زیادہ مستعد انداز میں خدمت کے لئے ہسپتال کو ہرممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔
……..