خبرنامہ پاکستان

راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت چوہدری نثار کی واپسی کی خواہاں

راولپنڈی: انتخابات میں شکست کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیداروں اور کارکنان کی جانب سے پارٹی قیادت اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی میں اختلافات دورکرنے کی کوششیں شروع کردی گئیں۔

اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئررہنما نے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی کی مقامی قیادت اور کارکنان پارٹی کو دوبارہ متحد دیکھنا چاہتے ہیں کیوں کہ اندرونی اختلافات کے باعث راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کو متعدد نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اور چوہدری نثار کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کروانے کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن اس کے لیے پہلے نوازشریف کی اجازت درکارہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی رہنما اور پارٹی کارکنان چوہدری نثار کو پارٹی میں واپس دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی قیادت میں مقامی رہنماؤں کو پیچیدہ صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملتی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی قیادت کی انتخابات 2018 کے حوالے کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی جس کی وجہ سے تمام امیدواروں نے علیحدہ علیحدہ کام کیا اور بھر پورمہم نہیں چلائی جاسکی۔

انہوں نے بتایا کہ اگر چوہدری نثار کو آزاد حیثیت سے حاصل ہونے والے ووٹوں اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ملنے والے ووٹ اکھٹا ہوتے تو انتخابات میں اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کو شکست نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 اور این اے 60 میں ضمنی انتخابات سے قبل اندرونی اختلافات کا خاتمہ چاہتی ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عوام کی اکثریت یہ چاہتی ہے کہ قمرالاسلام کو ضمنی انتخابات کے لیے نامزد نہ کیا جائے اور اس حوالے سے اعلیٰ سطحی مذاکرات کا آغاز ہوچکا ہے۔

قیادت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کارکنان اور مقامی رہنماؤں نے ضلعی سطح پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری راجا اشفاق سرور کی قیادت کو قبول نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ضلع میں زیادہ تریونین کونسل چیئرمین سابق وزیر داخلہ سے وفادار ہیں اور مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ ان کی شمولیت دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے اور مقامی رہنما اور کارکنان ان کی ہدایات کے مطابق ہی کام کریں گے۔

تاہم انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے زیادہ تر کارکنان چوہدری نثار اور پارٹی کے مابین اختلافات کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس سے قبل چوہدری نثار نے ہی ماضی میں بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلائی تھی اور ان میں پوٹھوہار خطے میں پارٹی کو عروج دینے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔