خبرنامہ پاکستان

راولپنڈی کی لڑکی نے پرس چھیننے والے لٹیروں کو مزہ چکھا دیا

راولپنڈی کی لڑکی نے

راولپنڈی کی لڑکی نے پرس چھیننے والے لٹیروں کو مزہ چکھا دیا

راولپنڈی:(ملت آن لائن) ہم اکثر اوقات خبروں میں موبائل فونز یا خواتین سے پرس چھیننے کے واقعات کے بارے میں سنتے ہیں اور شاذونادر ہی ایسا ہوپاتا ہے کہ یہ ملزمان پکڑے بھی جائیں۔ لیکن راولپنڈی کی ایک بہادر لڑکی ایسی بھی ہے، جس نے پرس چھیننے کی کوشش کرنے والے لٹیروں کو صحیح معنوں میں مزہ چکھا دیا۔
گذشتہ روز ہونے والے اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹرسائیکل سواروں نے راولپنڈی میں ایک لڑکی سے پرس چھیننے کی کوشش کی۔
لڑکی نے ملزمان پر لاتوں اور تھپڑوں کی بارش کردی
اس کوشش کے دوران نہ صرف لڑکی کا پرس نیچے گرا بلکہ موٹرسائیکل سوار نوجوان بھی کچھ آگے جاکر سڑک پر گر پڑے، جس پر آؤ دیکھا نا تاؤ وہ بہادر لڑکی آگے بڑھی اور ملزمان پر جھپٹ پڑی۔ لڑکی سے ڈر کر ایک ملزم تو بھاگ نکلا لیکن دوسرے پر اس نے لاتوں اور تھپڑوں کی بارش کردی۔ اس دوران دیگر افراد بھی جمع ہوگئے اور انہوں نے پرس چھیننے کی کوشش کرنے والے ملزم کو پکڑ لیا اور ہوسکتا ہے کہ پھر اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہو۔ لیکن جس کسی نے بھی یہ ویڈیو دیکھی، وہ راولپنڈی کی اس لڑکی کی بہادری کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکا۔