خبرنامہ پاکستان

را کے ایجنٹ نے دوران تفتیش سب کچھ اگل دیا

اسلام آباد:را کے گرفتار دہشتگرد کل بھوشن یادو نے دوران تفتیش سب کچھ اگل دیا ہے، بھارت کو پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھارہی، بلوچستان میں علیحدگی کی آگ بھارت نے ہی جلائی ہے۔ را کے ایجنٹ نے سمندر میں پاک بحریہ کے جہازوں، بندرگاہوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کرلیا۔ جبکہ سیکیورٹی اداروں نے را ایجنٹ کے موبائل فون اورانٹرنیٹ ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی۔ بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے چھپا بیرونی ہاتھ بے نقاب ہوگیا،را کے گرفتار دہشتگرد نے مان لیا کہ بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کو ٹریننگ بھارت دے رہا ہے۔ ان علیحدگی پسندوں کو کشتیوں کے ذریعے ممبئی لے جایا جاتا ہے جہاں انہیں تربیت کے بعد بلوچستان میں حملوں کیلئے واپس لایا جاتا ہے۔ کل بھوشن یادیو نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ علیحدگی پسندوں کو پاک بحریہ کے جہازوں اور دیگر تنصیبات پر حملے کیلئے تیار کررہا تھا۔ کل بھوشن نے انکشاف کیا کہ علیحدگی پسندوں کو سمندر کے سخت حالات اور اندھیرے میں لڑنے کی تربیت دی جارہی تھی جس کے لئے اس نے چاہ بہار میں کشتیاں خرید کر کھڑی کر رکھی تھیں،اس نے مزید انکشاف کیا کہ علیحدگی پسندوں کو ممبئی لے جاکر ٹریننگ دی جاتی تھی۔را کے دہشتگرد نے مستقبل کی پلاننگ کے حوالے سے بتایا کہ کشتیوں کے ذریعے بندرگاہوں،پاک بحریہ کے جہازوں اور دیگر تنصیبات پرحملے کیے جانے تھے۔ سیکیورٹی اداروں نے کل بھوشن یادیو کے موبائل فون اورانٹرنیٹ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرلی ہے جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے جبکہ بھارتی ایجنٹ کے پاکستان میں ممکنہ ساتھیوں سے رابطوں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔