خبرنامہ پاکستان

رحمان ملک کی رپورٹ میں ایک ایک روپے کا ریکارڈ موجود ہے: فواد، نعیم

اسلام آباد (ملت +‌ آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ رحمان ملک کی رپورٹ میں ایک ایک روپے کا ریکارڈ موجود ہے،تین جعلی اکاؤنٹس پاکستان اور تین لندن میں کھولے گئے،لندن میں تین اکاؤنٹس کھول کر ہنڈی کے ذریعے پیسہ باہر بھیجا گیا،نوازشریف کے بچے بھی جھوٹ بولتے پکڑے گئے ہیں،نوازشریف نے ایوان میں جھوٹ بول کر حلف کی خلاف ورزی کی،ثبوتوں کے ڈھیر لگے ہیں کوئی کسر نہیں رہ گئی۔منگل کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہاکہ سپریم کورٹ میں آج رحمان ملک کی رپورٹ پر بحث ہوئی،رحمان ملک کی رپورٹ میں ایک ایک روپے کا ریکارڈ موجود ہے،تین جعلی اکاؤنٹس پاکستان اور تین لندن میں کھولے گئے،تینوں اکاؤنٹس میں ملین ڈالرز کی ٹرانزیکشن کی گئی،پاکستان میں جن لوگوں کے نام پر اکاؤنٹ کھولے گئے وہ لوگ تھے ہی نہیں۔انہوں نے کہاکہ لندن میں تین اکاؤنٹس کھول کر ہنڈی کے ذریعے پیسہ باہر بھیجا گیا،ثبوتوں کے ڈھیر لگے ہیں کوئی کسر نہیں رہ گئی۔پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ حکمران کرپشن کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کے ماہر ہوگئے ہیں،نوازشریف کے بچے بھی جھوٹ بولتے پکڑے گئے ہیں،نوازشریف نے ایوان میں جھوٹ بول کر حلف کی خلاف ورزی کی۔