خبرنامہ پاکستان

رضاربانی نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا، آصف زرداری

رضاربانی نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا، آصف زرداری

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی ہی جماعت سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تین سالوں میں نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا۔ اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچوں سے بہت پرانے تعلقات ہیں اور پاکستان میں کسی کو بلوچوں کا احساس ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو بھی بلوچ ہونےکی وجہ سے ڈپٹی چیئرمین بنایا تھا۔ سکبدوش چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے حوالے سے آصف زرداری کا کہنا تھا اپنے چیئرمین سینیٹ کی برائی نہیں کرنا چاہتا لیکن انہوں نے کہ 18 ویں ترمیم سے متعلق ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا اور نوازشریف کی آئین کو متاثر کرنے کی کوششوں کو نظر انداز کیا۔
سینیٹ چیئرمین شپ: عمران خان نے اپنے 13 ارکان وزیراعلیٰ بلوچستان کی جھولی میں ڈال دیے
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ نے 3 سالوں کے دوران نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا، ہو سکتا ہے اسی وجہ سے نوازشریف کی سابق چئرمین سینیٹ سے زیادہ قربت ہو۔ عمران خان سے ہاتھ ملانے سے متعلق سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست لوگوں کے امتحان لیتی ہے اور ابھی تو امتحان شروع ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آصف زرداری سے درخواست کی ہے کہ بلوچستان کے سینیٹر کو چیئرمین سینیٹ کے لیے سپورٹ کریں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارے حق میں فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی تاہم چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا حتمی فیصلہ بلاول بھٹو کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے عمران خان اور آصف زرداری کی ملاقات کو اچھی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے تحریک انصاف کے سینیٹرز کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے توسط سے آصف زرداری کے حوالے کر دیا ہے جس سے سارا کھیل واضح ہو رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی تھی جس نیں انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان کے آزاد سینیٹر کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔