خبرنامہ پاکستان

روس چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بھرپور حمایت کرتا ہے:روسی سفیر

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پاکستان میں روس کے سفیر الیگزے وائے ڈیڈوف نے کہا ہے کہ روس چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بھرپور حمایت کرتا ہے جو پاکستان کی معیشت اور علاقائی روابط کیلئے ناگزیر ہے۔ ریڈیو پاکستان کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین کی شاہراہ ریشم کا حصہ ہے اور ان کاملک بھی اسی طرح کے یورپ ایشیا اقتصادی اتحاد پر کام کررہا ہے جبکہ چین اور روس ان دونوں منصوبوں کے انضمام پر بھی بات چیت کررہے ہیں۔حکومت پاکستان کے شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق روسی سفیر نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس منصوبے پر جلد ازجلد عملدرآمد ہو۔دونوں ملکوں کے درمیان ایم آئی35 گن شپ ہیلی کاپٹر وں کے معاہدے سے متعلق انہوں نے کہاکہ معاہدے پر دستخط پہلے ہی ہوچکے ہیں اور ا ب متعلقہ حکام اس مقصد کیلئے نظام الاوقات طے کررہے ہیں۔ایک سوال پر روسی سفیر نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں وکشمیر سمیت تمام مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورروس افغانستان میں امن کی بحالی کی کوششوں میں بھی قریبی تعاون کررہے ہیں۔