اسلام آباد:(ملت آن لائن) امریکہ کے بعد روس نے بھی کراچی میں چین کے قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملوں کو کسی سطح پر بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریہ زخارووا نے کہا چینی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، برطانیہ حیربیار مری کو سیاسی پناہ دینے پر اپنی پوزیشن واضح کرے، ایسے حملوں کو کسی سطح پر بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے امریکا نے کراچی میں چینی قونصل خانے اورکزئی میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چینی قونصل خانے پرحملہ ناکام بنانے پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
امریکا کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور جرات مندانہ جواب سے جانی نقصان کم ہوا، دہشت گردوں کے حملوں کیخلاف پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، خطے میں دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔
واضح رہے 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔
بعد ازاں بھارت نواز کالعدم تنظیم بی ایل اے نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔