خبرنامہ پاکستان

ریفرنسوں کی جنگ !الیکشن کمیشن کی 8 ریفرنسزملنےکی تصدیق

اسلام آباد:(اے پی پی) اسلام آباد میں ریفرنسوں کی جنگ جاری ہے،الیکشن کمیشن نے 8 ریفرنسز ملنے کی تصدیق کردی ہے،ریفرنسز وزیراعظم،عمران خان،جہانگیرترین اورمحموداچکزئی کےخلاف ہیں۔ اسپیکر نے وزیراعظم اور اچکزئی کے خلاف ریفرنس مسترد کردیے، عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنس پر قانون کے مطابق کارروائی کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے خلاف دائر نااہلی کے تمام4ریفرنسز، اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہی مسترد ہو کر دم توڑ گیا، البتہ عمران خان کے خلاف ایک ریفرنس سفر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی دہلیز تک پہنچ گیا۔ ’وزیر اعظم کو نااہل قرار دیا جائے‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ، پاکستان تحریک انصاف اور سابق ممبر قومی اسمبلی عمر فاروق کی جانب سے دائر ریفرنسز ، ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر اسپیکر قومی اسمبلی نے مسترد کر دیئے۔ محمود خان اچکزئی کے خلاف ریفرنس بھی اسپیکر نے مسترد کردیا۔ عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر ایک ریفرنس تو اسپیکر نے مسترد کر دیا لیکن دانیال عزیز کا عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر ریفرنس الیکشن کمیشن پہنچ گیا۔ اس کے ہمراہ جہانگیر ترین کی نااہلی کے لئے ریفرنس بھی ہے۔ ساتھ ہی اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن سے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کرنے سفارش بھی کر دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کے ریفرنسز پاناماپیپرز کو بنیاد بناکر دائر کیے گئے تھے۔الیکشن کمیشن حکام نے تصدیق کی ہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 8 ریفرنسز موصول ہوگئےہیںجو وزیراعظم نوازشریف، عمران خان ، جہانگیر ترین اور محمود خان اچکزئی کی نااہلی سے متعلق ہیں۔ الیکشن کمیشن چند روز میں اسپیکر کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنسز پر غور کریگا۔