خبرنامہ پاکستان

ریلوے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پروین آغا

ریلوے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پروین آغا
راولپنڈی:(ملت آن لائن) چیئر پرسن ریلوے پروین آغا نے جمعرات کو راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر نوتزئین شدہ ریزرویشن دفتر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیئر پرسن وزارت ریلوے مسز پروین آغا نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے مسافروں کو شاندار سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹکٹس کے آسان حصول کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی ریزرویشن آفس کی تزئین و آرائش کاکام ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا کیونکہ پاکستان ریلوے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے گذشتہ پانچ برس سے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے اور گذشتہ برس کے دوران اس کی آمدن 40 ارب روپے رہی جبکہ رواں برس میں پاکستان ریلوے کی آمدن 48 ارب تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کے لیے ابھی سے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری ریلوے بورڈ شفیق غوری، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے عبدالمالک، ڈویژنل کمرشل آفیسر رضا علی حبیب، انچارج ریزرویشن آفس ضامن عباس و دیگر افسران موجود تھے۔ ایک سوال کے جواب میں مسز پروین آغا نے کہاکہ صحافیوں کو قواعد و ضوابط کے تحت بارعایت سفری سہولیات کی فراہمی جاری ہے تاہم گرین لائن ٹرین کے حوالے سے صحافیوں کو سفری سہولیات پر رعایت کا معاملہ بھی زیرغور لایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے عبدالمالک نے مسز پروین آغا کو جدید سہولیات سے آراستہ ریزرویشن آفس کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔ راولپنڈی ریلوے ریزرویشن آفس کی تزئین و آرائش و دیگر سہولیات کی فراہمی پر 20 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ پاکستان ریلوے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کے ریزرویشن آفس کی اپ گریڈیشن کے بعد اسے مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ بنا دیا گیا ہے جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے جدید ترین الیکٹرک رننگ بورڈز کی تنصیب بھی کی گئی ہے جن کے ذریعے مسافر باآسانی متعلقہ کاؤنٹر کی نشاندہی سمیت دیگر معلومات سے آگاہی حاصل کر سکیں گے۔ نئے ریزرویشن آفس کے تمام بکنگ کلرکس کو جدید لیب ٹاپ بھی مہیا کیے گئے ہیں تاکہ وہ ریزرویشن کے خواہشمند مسافروں کو فوری اور بروقت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا سکیں۔ ’’اے پی پی‘‘ کو دستیاب معلومات کے مطابق راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے روزانہ اوسطاً تین تا چار ہزارمسافر مختلف شہروں کا سفر کرتے ہیں جبکہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کے اس مرکزی ریزرویشن آفس سے روزانہ 30 سے 35 لاکھ روپے کے ٹکٹس فروخت کیے جاتے ہیں جس سے پاکستان ریلوے کو ریونیو حاصل ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ریلوے حکام کے مطابق راولپنڈی ریلوے ریزرویشن آفس کی جانب محمد خان جونیجو دور کے بعد کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی تھی تاہم موجودہ حکومت نے اس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس کی اپ گریڈیشن کی ہے۔