خبرنامہ پاکستان

ریلوے ملازمین کا تحریک چلانے کا اعلان

ریلوے ملازمین کا تحریک چلانے کا اعلان
کراچی/اسلام آباد:(ملت آن لائن)ریلوے ورکرز یونین نے کرپٹ افسران کے خلاف کراچی تا پشاور تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ریلوے ورکرز یونین کا کراچی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے ورکرز یونین کے مرکزی عہدیداران قادر خان مندو خیل، محمد انور گجر، ظفراعجاز ملک، میراعظم خان بونیری، محمد جنید اعوان ، ڈویژنل عہدیداران میں رانا شہزاد، مشتاق جدون ، محمد عارف مشوانی ، میاں امتیاز، کوئٹہ کے عہدیدار غلام نبی بروہی، پشاور کے محمد ریاض کشمیری، رحیم تاج، راولپنڈی کے محمد طاہر بھٹی، بابا ایاز، مبارک حسین سمیت دیگر عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ریلوے ورکرز یونین کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ ڈی ایس ریلوے اعجاز احمد ابڑو اور ان کی سرپرستی میں کام کرنیوالے راشی و کرپٹ افسران اور ملازمین کو فوری طور پر نہ صرف ملازمت سے برطرف کیا جائے بلکہ ان کو گرفتار کر کے نیب کے حوالے کیا جائے تاکہ لوٹا ہوا خزانہ ملکی خزانے میں واپس لایا جا سکے ۔ 5 فیصد کی کٹوتی کو فی الفور بند کیا جائے، کراچی تا میر پور خاص چلنے والی مہران ایکسپریس کو فوری طور پر بحال کیا جائے ، ریلوے اسپتالوں میں علاج کی سہولت کو بہتر کیا جائے ، ریلوے ورکرز یونین کے عہدیداران کے خلاف درج جھوٹے مقدمات نہ صرف واپس لیے جائیں بلکہ جھوٹے مقدمات درج کرانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اسکیل ایک سے16 تک کے تمام ملازمین کو اپ گریڈ کیا جائے ، ٹی ای ایف کو دیے گئے ریلوے اسکول کو فوری طور پر ریلوے انتظامیہ کے حوالے کیا جائے ، ڈی جی ایجوکیشن کو گرفتار کر کے تحقیقات کرائی جائیں اور ان کو واپس اپنے ٹھکانے پر بھیجا جائے ، گینگ مینوں اور دیگر شعبوں کے ملازمین کو ہارڈ ورک الاؤنس دیا جائے ، ریلوے میں ملازمین کے بچوں کو 75 فیصد کوٹے کے تحت بھرتی کیا جائے ، ریلوے ورکرز یونین کے عہدیداران نے ریلوے کو راشی و کرپٹ افسران کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا۔