خبرنامہ پاکستان

‘ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیلئے پیسے حکومت پاکستان نے ادا کئے’خواجہ آصف

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے پیسے بھی حکومت پاکستان نے از خود ادا کئے اور اگر کوئی اس کیس کی تحقیقات چاہتا ہے تو پارلیمنٹ تحقیقات کرے۔

سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس پر صرف پوائنٹ اسکورنگ کے لئے بات کرنےکا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، پارلیمنٹ دیکھنے کی کوشش کرے کہ کیسے قومی وقار، عزت، غیرت کا سمجھوتا کیا گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کیس سے متعلق پبلک یا ان کیمرا تحقیقات کریں تو فائدہ ہوگا، پارلیمنٹ ریمنڈ ڈیوس کیس کی تحقیقات کا حکم دے میں آپ کی آواز میں آواز ملاؤں گا۔

وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لیے پیسے بھی حکومت پاکستان نے ازخود ادا کیے اور یہ پیسے کہاں سے دیے گئے یہ اللہ بہتر جانتا ہے، اس کی تحقیقات کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جاسوس کی رہائی میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے یا بیرون ملک سمجھوتے پورےکرنے کے لئے کردار ادا کیا ہوگا تاہم دیکھنا ہوگا کہ یہ مفاد انفرادی تھا یا ادارے کا مفاد تھا۔
امریکی ایجنٹ کی مدد کرنا غداری کے زمرے میں آتا ہے، خورشید شاہ

خواجہ آصف نے کہا کہ میرا خیال نہیں کہ کسی ادارے کا مفاد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی سے منسلک تھا تاہم ذاتی مفاد منسلک ہوسکتا ہے۔

خواجہ آصف نے اس موقع پر شعر بھی پڑھا اور جواب دیا کہ اگر سمجھتے ہیں کہ یاد ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا، تو اِسے حافظے سے گم کردینا، تو اسے گم کردیں۔

خیال رہے کہ 36 سالہ ریمنڈ ڈیوس کو پولیس نے 27 جنوری 2011 کو لاہور میں اس وقت گرفتار کیا تھا جب موٹر سائیکل پر سوار دو پاکستانیوں کو قتل کرنے کے بعد وہ جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔