خبرنامہ پاکستان

رینٹل پاور پروجیکٹ میں ملک کو لوٹا گیا: شہبازشریف

رینٹل پاور پروجیکٹ میں ملک کو لوٹا گیا: شہبازشریف
جھنگ:(ملت آن لائن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رینٹل پاورپروجیکٹ اور سرے محل میں قوم کے اربوں روپے کھائے گئے لیکن کسی نے نوٹس نہیں لیا، زرداری صاحب سن لیں، ایک دن قوم احتساب کرے گی، اگر اداروں نے احتساب نہ کیا تو عوام کی عدالت کرے گی۔ انہوں نے کہا عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے لوگوں نے بھی لوٹ مار میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وزیراعلی پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرپشن اور احتساب کی باتیں کرنے والے اپنے کریبانوں میں جھانکیں، نندی پور پاور پروجیکٹ کی کرپشن پر کوئی بات نہیں کرتا، بابر اعوان اس منصوبے کا بیڑہ غرق کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا 56 کمپنیاں ہی نہیں، کسی بھی منصوبے میں آدھے پیسے کی کرپشن ثابت ہو تو گریبان حاضر ہے، پیسہ پنجاب کا مگر بجلی پاکستان میں آئے گی، نیا پاکستان بنانے والوں نے خیبرپختونخوا میں کیا کیا؟۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج پنجاب میں ایک اور بڑے منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے، منصوبوں سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا، 2015 میں پاکستان میں سی پیک کا بے مثال سفر شروع ہوا۔ انہوں نے کہا ایل این جی سے چلنے والے 3600 میگاواٹ کے منصوبے شروع کیے، منصوبوں سےہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا دوست وہ ہو تا ہے جو برے وقت میں کام آئے، چین نے ہر برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ شہباز شریف نے کہا ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے ہر چیلنج قبول کیا، بجلی منصوبوں کی اس طرح مخالفت کی گئی جیسے ہم ملک دشمنی کر رہے ہیں، ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو قوم کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔