خبرنامہ پاکستان

ریکٹر سکیل پر 7.1شدت کے زلزلہ کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ ہے، زلزلہ پیما سینٹر

اسلام آباد ۔ 10 اپریل (اے پی پی) محکمہ موسمیات پاکستان کے زلزلہ پیما سنٹر کے ڈائریکٹر زاہد رفیع نے کہا ہے کہ ریکٹر سکیل پر 7.1شدت کے زلزلہ کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ ہے۔ زاہد رفیع نے اتوار کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سابقہ 26 اکتوبر 2015 ء کو آنے والے 8.1 شدت کے شدید زلزلے کی نسبت یہ زلزلہ مختلف تھا جس کا مرکز تاجکستان کی سرحد کی جانب شمال اور شمالی مغربی واران کا علاقہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا مقام ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ زمین آفٹر شاکس کی شکل میں توانائی خارج کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس اکتوبر اور دسمبر میں آنے والے دو شدید زلزلوں کے بعد 100 سے زائد زلزلے آفٹر شاکس کی صورت میں ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسک اسیسمنٹ سروے جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زلزلے کے نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے اور ان دیہات اور قصبوں کی نشاندہی ہوسکے جن کا زلزلوں سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے۔ زاہد رفیع نے گھروں اور عمارتوں کی تعمیر کیلئے بلڈنگ کوڈز اور مقامی علاقوں بالخصوص فاٹ لائسنس کے قریب علاقوں کیلئے پالیسی پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔