خبرنامہ پاکستان

زاہدحامد نےکرامت نیازی کی تعیناتی کی سمری وزیراعظم کوبھجوادی

اسلام آباد: (آئی این پی) قومی اسمبلی کے سابق سیکرٹری کرامت نیازی کو سیکرٹری قانون و انصاف تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا‘ وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے کرامت نیازی کی تعیناتی کی سمری منظوری کے لئے وزیراعظم کو بھجوا دی‘ وزیراعظم کی منظوری کے بعد ان کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ ذمہ دار سرکاری ذرائع کے مطابق کرامت نیازی کی سیکرٹری قانون تقرری کے لئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر قانون کو تجویز دی تھی جس پر وزیر قانون نے ان کا نام منظوری کے لئے وزیراعظم کو بھجوایا واضح رہے کہ کرامت نیازی 2006 میں سیکرٹری قومی اسمبلی کی پوسٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی 8سال تک کنٹریکٹ پر قومی اسمبلی میں سیکرٹری کے طور پر کام کرتے رہے جبکہ ایک سال قومی اسمبلی کے لیگل ایڈوائزر کے عہدے پر بھی کام کرتے رہے۔ مشرف دور میں سابق سپیکر امیر حسین نے ان کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع دی جبکہ فہمیدہ مرزا کے پورے پانچ سال وہ کنٹریکٹ پر اس عہدے پر فائز رہے موجودہ سپیکر ایاز صادق نے انہیں ایک سال کنٹریکٹ پر سیکرٹری اسمبلی کے طور توسیع دی اور بعد ازاں انہیں ایک سال کے لئے قومی اسمبلی کا لیگل ایڈوائزر مقرر کیا اور اب ان کی تجویز پر انہیں سیکرٹری قانون و انصاف لگایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ کرامت نیازی نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک جج کے طور پر کیا تھا جب وہ سیشن جج تھے تو انہوں نے ڈیبوٹیشن پر قومی اسمبلی جوائن کی اور ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے اس کے سیکرٹری کے عہدے تک پہنچے۔ وہ گزشتہ تمام حکومتوں کے پسندیدہ آفیسر رہے اور ہر دور میں انہیں ایک ماہر قانون کے طور پر مانا گیا۔ مشرف دور ‘ پیپلز پارٹی اور اب (ن) لیگ کے دور میں بھی ان کی قانونی قابلیت کا ڈنکہ بج رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے سمری کی منظوری کے ساتھ ہی ان کی سیکرٹری قانون تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ (ن غ/ ع ع)