خبرنامہ پاکستان

زراعت پاکستان کیلئےریڑھ کی ہڈی ہے: خرم

پیرس (آئی این پی) وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ زراعت پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،انفاریشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈبلیو ٹی او کو ای کامرس کی ترویج پر توجہ دینی چاہئے ۔وہ گزشتہ روز پیرس میں ہونیوالے ڈبلیو ٹی او کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے ۔ڈبلیو ٹی او کا یہ مختصر وزارتی اجلاس معاشی اور اقتصادی تعاون کی تنظیم کے سالانہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،زراعت کے شعبے میں حکومتی امداد ، مارکیٹ تک رسائی اور کپاس کا پاکستان بغور جائزہ لیتا ہے کیونکہ اس کے اثرات براہ راست پاکستان کی زرعی معیشت اور بیس کروڑ عوام پر پڑتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈبلیو ٹی او کو ای کامرس کی ترویج پر توجہ دینی چاہئے اس سلسلے میں ترقی پذیر ممالک میں ای کامرس کے فروغ اور قوانین کے اجرا کے لئے تکنیکی مہارت بھی فراہم کرنی چاہئے ۔ وفاقی وزیر نے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ترکی کے نائب وزیر برائے معیشت فتح میتن سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تجارتی تعاون اور آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ۔(اح)