خبرنامہ پاکستان

زرداری اور عمران خان ہارس ٹریڈنگ کے بادشاہ ہیں: مریم اورنگزیب

زرداری اور عمران خان ہارس ٹریڈنگ کے بادشاہ ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے آصف زرداری اور عمران خان کو ہارس ٹریڈنگ کا بادشاہ قرار دے دیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کے دو بادشاہ عمران خان اور زرداری صاحب ہیں جنہوں نے سینیٹ الیکشن کے ساتھ جو تماشہ کیا وہ قوم نے دیکھا، امپائر کی انگلی پر دھمال ڈالنے والی اور اینٹ سے اینٹ بجانے والی جماعت سے بھی جواب طلبی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ہارس ٹریڈنگ کےساتھ الیکشن جیتا، (ن) لیگ نے کوئی خریدوفروخت کی نہ ہونے دی، عوام ان سے الیکشن میں جواب مانگیں گے اور اس کرپشن پر انہیں رد کریں گے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہماری درخواست پرالیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخاب میں ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لیا، چاہتے ہیں ایسا قانون ہو کہ آئندہ کوئی ہارس ٹریڈنگ نہ کرسکے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 30 سیٹوں والی پارٹی 44 ووٹ لے تو شبہات پیدا ہوتے ہیں، امیدوار کا اپنی پارٹی ارکان سے زیادہ ووٹ لینا ہارس ٹریڈنگ کے زمرے میں آتا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن ہارس ٹریڈنگ سے متعلق تحقیقات کرے، الیکشن کمیشن کو ذمہ داران سے جواب طلب کرنا چاہیئے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جب بھی ادارے کی جانب سے تجاوز ہوگا اس کا ری ایکشن آئے گا، آئین کے تحت تمام اداروں کا دائرہ کار متعین ہے اور تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔