خبرنامہ پاکستان

زرداری کے پیر نے نواز شریف کے حق میں دعا کرائی

زرداری کے پیر نے نواز شریف کے حق میں دعا کرائی
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری کے پیر اعجاز ہاشمی نے احتساب عدالت کے باہر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں دعا کرائی ۔ بعد ازاں پیر اعجاز شاہ ہاشمی نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کہا کہ عدالتوں کے ساتھ میرا پرانا یارانہ ہے ، یہاں میرا آنا جانا لگا رہتا ہے ، فقیر بندہ ہوں میرا کام فیض بانٹنا ہے ۔ سابق وزیر اعظم کے حوالے سے سوال پر گفتگو سے پرہیز کیا ۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم نے موجودہ سیاسی صورتحال اور بحران میں اتحادی جماعتوں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مقتدر حلقوں کو پیغام دیا جائے کہ نوازشریف تنہا نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) ایسے علاقوں میں اتحادیوں سے مدد لے گی جہاں پر اسکی اکثریت نہیں ،اس سلسلہ میں نوازشریف اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات بھی کریں گے ۔ حکومتی اتحادی جماعتیں نوازشریف کے جلسوں میں اپنا حصہ ڈالیں گی جبکہ جے یو آئی خیبرپختونخوا ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی بلوچستان میں جلسے کرائیں گی جن سے نوازشریف اور اتحادی خطاب کریں گے.

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کے دہرے معیار کے خلاف جدوجہد کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت کےلیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ عدالتوں کا دہرا معیار ہے جو جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدالتوں کا دہرا معیار ہے، اس دہرے معیار کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت میں گزشتہ سماعت میں پیشی کے بعد نواز شریف نے کہا تھا کہ ججز بغض سے بھرے پڑے ہیں اور ان کا غصہ اور بغض ان کے الفاظ میں ڈھل کر سامنے آگیا ہے جو کہ تاریخ کا سیاہ باب بنے گا۔