اسلام آباد:(ملت آن لائن) امریکی نمائندہ خصوصی کے دورہ پاکستان سے متعلق امریکی سفارت خانے نے اعلامیہ جاری کردیا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔
اس کے علاوہ زلمےخلیل زاد نے اسلام آباد میں تعینات سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان مسئلے کے سیاسی حل کے لیے امریکہ کے عزم کو دہرایا ہے۔
جس کا مقصد یہ ہے کہ افغانستان کبھی بھی عالمی دہشت گردی کےلیےاستعمال نہ ہوسکے، امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ گزشتہ چالیس سال کی شورش کے خاتمے سے خطے کے تمام ممالک مستفید ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد دورہ پاکستان مکمل کرکے خصوصی طیارے کے ذریعے افغانستان کے شہر کابل روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ افغان حکام سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان وافغانستان زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل اور طالبان سے مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم کو نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو گذشتہ روز ایک خط ارسال کیا تھا، جس میں امریکی صدر نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے تعاون مانگا تھا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار کی تعریف کی تھی۔