خبرنامہ پاکستان

زینب قتل کیس؛ مجرم عمران نے سزا کے خلاف اپیل دائر کردی

زینب قتل کیس؛

زینب قتل کیس؛ مجرم عمران نے سزا کے خلاف اپیل دائر کردی

لاہور:(ملت آن لائن) قصور میں 8 سالہ بچی زینب کو اغوا اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے والے درندہ صفت انسان عمران علی نے اپنی سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔ عمران کی جانب سے کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے لاہور ہائی کورٹ میں انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
زینب کے قاتل کو 4 بار سزائے موت کا حکم
مجرم عمران نے اپنی اپیل میں اپنے آپ کو بے گناہ ظاہر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کے خلاف ٹرائل کے دوران قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فیصلہ بڑی جلدی میں دیا، لہٰذا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے مجرم عمران کو زینب قتل کیس میں 4 مرتبہ سزائے موت کے علاوہ عمر قید اور جرمانے کی سزا بھی سنائی تھی۔
………………………………
اس خبر کو بھی پڑھیے…..عمران خان کے خلاف سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی تحقیقات شروع

پشاور:(ملت آن لائن) نیب خیبرپختون خوا نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبرپختون خوا کو انکوائری کا حکم دیا تھا جس کے بعد اب نیب ہیڈ کواٹر کی طرف سے جاری ہونے والی ہدایت پر نیب خیبرپختون خوا نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پرعمران خان کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں، نیب ہیڈ کواٹر نے اس حوالے سے تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔
چیئرمین نیب کاعمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا نوٹس
واضح رہے کہ رواں ماہ ترجمان نیب نے بیان جاری کیا تھا کہ عمران خان نے غیرسرکاری دوروں کے لئے خیبرپختون خوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر 22 گھنٹے جب کہ ایکیورئیل ہیلی کاپٹر 52 گھنٹے استعمال کئے، پرائیویٹ کمپنی کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر پر فی گھنٹہ 10 سے 12 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں جب کہ نجی ایکیوریل ہیلی کاپٹر کے لئے فی گھنٹہ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتے ہیں، لیکن اس کے برعکس سرکاری ہیلی کاپٹر پر فی گھنٹہ ڈیڑھ سے 2 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے اس طرح مجموعی طور پر عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا کل خرچہ 1 کروڑ 11 لاکھ روپے بنتا ہے لیکن دستاویزات میں صرف 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے کی ادائیگی کا ذکر ہے جو اوسطاً 28 ہزار روپے فی گھنٹہ بنتا ہے جس پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔