خبرنامہ پاکستان

زینب واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس کی ہوائی فائرنگ سے 4 افراد زخمی

زینب واقعے کیخلاف

زینب واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس کی ہوائی فائرنگ سے 4 افراد زخمی

قصور:(ملت آن لائن) کم سن زینب سے زیادتی و قتل کے خلاف شہر میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور احتجاج کرنے والے مشتعل مظاہرین پر پولیس کی ہوائی فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ قصور میں کم سن زینب سے زیادتی و قتل کے واقعے کیخلاف خواتین سمیت بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس و انتظامیہ کی نااہلی کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ واقعے کے خلاف شہر میں مکمل ہڑتال کی گئی اور کاروبار زندگی متاثر رہا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ زینب 5 روز سے اغوا تھی لیکن اس کے باوجود پولیس نے اس کی بازیابی کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ قصور میں 8 سالہ بچی کا زیادتی کے بعد لرزہ خیز قتل، مظاہرین نے کمشنر آفس پر دھاوا بولتے ہوئے دفتر کا گیٹ توڑ دیا اور ڈنڈوں سے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔ مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے شدید ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ قصور میں 8 سالہ بچی زینب کو 5 روز تک زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا جب کہ ملزمان نے بچی کی لاش کو کچرا کنڈی میں پھینک دیا۔