خبرنامہ پاکستان

زینب کے اہل خانہ کوانصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، شہبازشریف

زینب کے اہل خانہ کوانصاف

زینب کے اہل خانہ کوانصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، شہبازشریف
وزیر اعلی پنجاب کی زینب کے گھر رات گئے آمد، اہلخانہ سے تعزیت

قصور: (ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زینب کے گھر آمد، مقتولہ کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ وزیر اعلی پنجاب کے ہمراہ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان اور پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ شہباز شریف کو نئے ڈی پی او زاہد خان مروت نے بریفنگ دی۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے زینب کیس میں ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، سانحہ قصور میں فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ قصور کے المناک واقعے پر ڈی پی او ذوالفقار احمد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، زاہد مروت ضلعی پولیس کے نئے سربراہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے معاملے کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنا دی۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے ذوالفقار احمد کو بچی کے سفاکانہ قتل کے ملزم گرفتار نہ کرنے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں ناکامی پر ہٹایا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ابوبکر خدا بخش کی سربراہی میں جے آئی ٹی بھی بنا دی۔ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے افسر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی سے آئندہ 24 گھنٹے میں رپورٹ مانگ لی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ معصوم بچی کے قتل پرہرآنکھ اشکبارہے، میرا فرض اور ذمہ داری ہے کہ آپ کو فوری طورپرانصاف دیا جائے، جس درندہ صفت ملزم نے یہ ظلم اورزیادتی کی ہے وہ قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے نہیں بچ پائے گا، آپ کے خاندان کی ہرممکن مدد کریں گے اورحکومت آپ کے خاندان کے ساتھ ہے اور کھڑی رہے گی۔واضح رہے کہ قصورمیں 8 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا اورلاش کو کچرے میں پھینک دیا۔ زینب کے قتل کے بعد پورا ملک سراپا احتجاج ہے جب کہ گزشتہ روززینب واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔