خبرنامہ پاکستان

سائبر کرائم بل کا دکھاوا دیکر سیاسی مخالفین کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سائبر کرائم بل کا دکھاوا دیکر سیاسی مخالفین کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔نواز لیگ کی جانب سے سیاسی مخالفت میں اٹھنے والی آوازیں دبا کر بادشاہت قائم کرنے کی خواہش کی کڑے الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر جاری اپنی پوسٹ میں عمران خان نے کہا کہ دھرنے کے دوران ہمیں انسداد دہشت گردی قانون سے دھمکانے اور ڈرانے کی کوششیں کی گئیں۔اسی قانون کو استعمال کرتے ہوئے ہمارے کیخلاف مقدمات درج کئے گئے۔آج سائبر کرائم بل دکھا کر مجھے خوفزدہ کرنے کے خواب دیکھے جارہے ہیں کسی خوف کا شکار ہوں گے نہ ہی یہ ہتھکنڈے ہمیں مرعوب کرسکتے ہیں۔جمہوریت کو ذبح کرنے اور آل شریف کی بادشاہت اور جمہوریت قائم کرنے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔میں اور میری جماعت آزاد میڈیا، متحرک سول سوسائٹی اور عوام کیلئے بنیادی آئینی حقوق کے حصول کیلئے اٹھنے والی آوازوں کے ساتھ کھڑے ہیں(ع ع)