خبرنامہ پاکستان

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی5سالہ مدت( کل) ختم ہوجائے گی

ملتان (ملت آن لائن + آئی این پی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت آج 26اپریل کو ختم ہوجائے گی ،جس کے بعد پارٹی قیادت سابق وزیراعظم کے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرے گی ،19جون 2012کو اس وقت کے چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ نے سید یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کیس میں نااہل قراردیا تھا اورواضح کیا تھا کہ انہیں 26اپریل 2012سے نااہل سمجھا جائے ،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت آج 26اپریل کو ختم ہوجائے گی۔دوسری طرف سابق وزیراعظم کی نااہلی کی مدت پوری ہونے پرپیپلزپارٹی کے کارکنان آج شکرانے کے نوافل ادا کریں گے جبکہ سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ گیلانی ہاؤس بھی جشن کا اہتمام کیاجائے گا۔نااہلی کی 5سالہ مدت پوری ہونے پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے مجھے 5سال کیلئے نااہل قراردیا،تمام ترتحفظات کے باوجودعدالتی فیصلے پرمن وعن عمل کیا ،عدالت سے فیصلہ آنے پردس منٹ میں وزیراعظم ہاؤس سے بغیر جھنڈے والی گاڑی سے رخصت ہوگیا تھا،موجودہ حکمران بھی عدالتی فیصلے پر نظر ڈالیں۔دریں اثناء سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی سینئرقیادت کرے گی،دوسری طرف بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا این اے 152شجاع آباد کے حلقے سے الیکشن میں حصہ لینے کا امکان ہے۔