خبرنامہ پاکستان

سات سالہ بچی سے زیادتی و قتل کیس، چیف جسٹس نے قبرکشائی کا حکم دیدیا

سات سالہ

7 سالہ بچی سے زیادتی و قتل کیس، چیف جسٹس نے قبرکشائی کا حکم دیدیا

لاہور: (ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے جڑانوالہ میں 7 سالہ بچی سے زیادتی و قتل کیس میں قبرکشائی کا حکم دے دیا، ایم ایس الائیڈ ہسپتال کو دوبارہ پوسٹمارٹم کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جڑانولہ میں 7 سالہ بچی کو بے حرمتی کے بعد قتل کرنے پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ تمام زاویوں سے تفتیش کر رہے ہیں جس سے درخواستگزار مطمئن ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہا اطمینان عدالت اور ریاست کا ہونا چاہیے درخواستگزار کا نہیں۔
دوران سماعت مدعیہ کے وکیل نے پوسٹ مارٹم رپورٹ پر اعتراضات اٹھا دئیے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے مقتولہ کی فرانزک رپورٹ بھی طلب کر لی جبکہ پراسیکیوٹر جنرل کو بھی آئندہ سماعت تفتیش کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے ایم ایس الائیڈ ہسپتال فیصل آباد جوڈیشل مجسٹریٹ سے اجازت لیکر بچی کی قبرکشائی کروا کہ دوبارہ پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دے دیا۔
………………………………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…..الیکشن کمیشن نے چترال کے 2 حلقے بنانے پر اعتراضات مسترد کر دیئے

اسلام آباد: (ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے چترال کے 2 حلقے بنانے سے متعلق اعتراضات مسترد کر دیے جبکہ لوئر دیر کا ایک اعتراض درست قرار دے دیا گیا۔
عام انتخابات 2018 کے لئے مجوزہ حلقہ بندیوں پر دائر اعتراضات پر سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے 9 میں سے 5 اضلاع پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمیشن نے صوابی، مردان، نوشہرہ، سوات، چترال، لوئر دیر، اپردیر، بونیر اور شانگلہ پر دائر 69 اعتراضات کا جائزہ لیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے چترال کے 2 حلقے بنانے کے اعتراضات مسترد کر دیے جبکہ لوئر دیر کا ایک اعتراض درست قرار دیا۔ اوچھ کو پی کے 14 سے نکال کر پی کے 15 جبکہ اوٹی گرام کو پی کے 15 سے نکال کر پی کے 14 میں شامل کر لیا گیا۔ اپردیر اور شانگلہ کے اعتراضات مسترد کر دیے گئے۔
صوابی، مردان، نوشہرہ اور سوات پر محفوظ فیصلہ پیر کو سنائے جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے چاروں شہروں کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کا گذشتہ روز جائزہ لیا تھا۔