خبرنامہ پاکستان

سات ممالک کے کھلاڑی ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ ہوں گے، نجم سیٹھی

لاہور(ملت آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ الیون ٹیم میں 7 ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے 5 کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون آئندہ ماہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لئے پاکستان آئے گی اور ٹیم میں سب سے زیادہ ویسٹ انڈیز کے 5 کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

چیرمین پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقا سے 3 اور آسٹریلیا کے دو کھلاڑی بھی ورلڈ الیون ٹیم میں شامل ہیں۔
آئندہ ماہ پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی قیادت جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی کریں گے۔ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لئے سرگرم ہیں اور انہی کی کوششوں کی بدولت کئی انٹرنیشنل کرکٹرز نے دورہ پاکستان کے لئے حامی بھری۔
سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان کا اعلان

اب اطلاعات ہیں کہ فاف ڈپلوسی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جارج بیلی نے بھی پاکستان آنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ بھی ورلڈ الیون اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ، نیوزی لینڈ کے جیمی نیشام اور انگلینڈ کے سابق کپتان پال کولنگ وڈ بھی پاکستان کا دورہ کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔