خبرنامہ پاکستان

سارک ممالک بہتری کیلئےایجنڈے پرعمل درآمد یقینی بنائیں: وقارمسعود

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان نے سارک ممالک سے کہا ہے کہ کہ امن کے فروغ اور معاشی تعاون سے خطے میں استحکام اور ترقی کے مقاصد کا حصول ممکن ہے ۔ اسلام آباد میں سارک سیکرٹری خزانہ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سیکرٹری خزانہ وقار مسعود نے کہا کہ سارک ممالک کے لیے ضروری ہے کہ بہتری کے لئے سارک ایجنڈے پر عمل درآمد یقینی بنائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شرح نمو گزشتہ آٹھ سال کی بلند ترین سطح ہے ، تمام معاشی عشاریے مثبت اور زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں ۔ پاکستان کامیابی سے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کر رہا ہے ۔ سیکرٹری خزانہ بھوٹان نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ دوہرے ٹیکسوں کا خاتمہ کر کے تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ بھارتی سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ روابط کے فروغ کے لئے سارک موٹر وہیکل اور سارک ریلویز معاہدہ ضروری ہے ۔ سارک ملکوں میں ٹیرف نان ٹیرف رکاوٹیں ختم ہونی چاہئیے ۔ مالدیپ اور نیپال کے سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ سارک ممالک سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کریں ۔ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر خطے میں غربت ختم کی جاسکتی ہے ۔ قبل ازیں کانفرنس کے آغاز پر سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کو چیئرمین منتخب کیا گیا ۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کل کانفرنس سے خطاب کریں گے۔