خبرنامہ پاکستان

سارک کے مقاصد کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت: تہمینہ جنجوعہ

سارک کے مقاصد کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت: تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ سارک چارٹر کے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ سارک کا خطہ بے پناہ قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ہے، باہمی روابط اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ان وسائل کو خطے کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام سارک چارٹر ڈے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سارک ملکوں کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سارک رکن ملکوں کے میں مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں تاہم انہیں باہمی روابط سے خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک چارٹر پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔ علاقائی اقتصادی و سماجی ترقی اور خوشحالی کے اہداف چارٹر پر عملدرآمد ، باہمی روابط اور مشترکہ کوششوں سے ہی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ تقریب سے اسلام آباد میں سارک کے سربراہ زاہد جلالی، سارک انرجی سنٹر کے سربراہ محمد نعیم اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارک رکن ممالک کو خطے میں غربت کے خاتمے، توانائی، اقتصادی ترقی، انفرا سٹکچر اور دیگر شعبوں میں قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی میں توانائی کا اہم کردار ہے اور باہمی روابط اور تعاون سے اس بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔سارک چیمبر کے صدر نے کہا کہ سارک کا خطہ تیزی سے اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہے ۔سارک چارٹر پر عملدرآمد اور رکن ممالک کے مابین قریبی روابط سے ان اہداف اور مقاسد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔