خبرنامہ پاکستان

سازشیوں کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، نوازشریف

سازشیوں کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، نوازشریف

لاہور:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سازشیوں نے اقامہ کی بنیاد بنا کرمجھے نکالا اب کوئی ثبوت نہیں مل رہا لیکن ان کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ جاتی امرا لاہور میں کارکنان سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام سے کئے تمام وعدے پورے کئے، بجلی کا جن توانائی منصوبوں سے بوتل میں قید کیا، سی پیک منصوبہ تیار کیا جو ملک کی تقدیر بدل دے گا، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کردیا لیکن سازشیوں نے اقامہ کو بنیاد بنا کر مجھے نکال دیا، اب کوئی ثبوت نہیں مل رہا تو ریفرنس پر ریفرنس بنا رہے ہیں۔
کرسی والوں کواللہ کے سامنے جواب دہ ہونا ہے
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سازشیوں کی سازشیں میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، میں پریشان نہیں ہوں اور نا ہی میرے چاہنے والے پریشان ہیں، ماضی گواہ ہے کہ ہم نے عدلیہ کو بحال کیا اور اب عدل بحال کرکے دم لیں گے، لودھراں کے ضمنی انتخابات نے بتادیا کہ کون عوام کا خیرخواہ ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کو ہی کامیابی ملے گی۔
………………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…چیف جسٹس عمران خان کی زبان استعمال کریں گے تو جواب بھی ملے گا، مریم نواز

لاہور:(ملت آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہر عوامی عدالت سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آرہا ہے۔ مانسہرہ میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ 2 دن پہلے لودھراں کی عوامی عدالت نے اپنا فیصلہ دیا ہے اور عوامی عدالت نے نااہل کو اہل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں کی عوامی عدالت نے عام انتخابات سے پہلے ہی مخالفین کو سزا سنادی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو عوام سے دور رکھنے کی سازش نے نواز شریف سے محبت کو عشق میں بدل دیا ہے اور یہ عشق ہی ہے کہ بار بار ہر عوامی عدالت سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آرہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف کا مقدمہ عوام نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور اب نواز شریف کا فیصلہ عدالتوں نے نہیں بلکہ آپ نے کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر نوازشریف کا رتی برابر بھی قصور ہوتا تو یوں ایک کے بعد ایک عوامی عدالت سے حق میں فیصلہ نہ آرہا ہوتا جس کے بعد اب ’مجھے کیوں نکالا‘ کا مذاق بنانے والے خود آج کہتے ہوں گے نواز شریف کو کیوں نکالا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کہتے ہو نواز شریف ملک کے اندر نہيں آسکتا تو کبھی کہتے ہو باہر نہیں جاسکتا اور پہلے سات سال نواز شریف کو باہر رکھا لیکن اب کہتے ہو باہر نہیں جاسکتا- مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہيں، فکر نہ کرو ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں اور نواز شریف اور بچے یہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا آئين پاکستان میں گالی دینے کی کوئی شق ہے، کیا آئين میں انتقام لینے اور بغض و عناد رکھنے کی کوئی شق ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ کھبی گارڈ فادر، کھبی سیسلین مافیا، کبھی چور اور کبھی ڈاکو کہا جاتا ہے جب کہ عوام کے منتخب وزیر اعظم کو گالی دینا عوام کو گالی دینے کے برابر ہے- ان کا کہنا ہے کہ درست فیصلوں کو وضاحتوں کی ضرورت نہيں ہوتی اور نہ ہی درست فیصلوں کی صفائیاں دینا پڑتی ہیں بلکہ اس میں نواز شریف کا کم اور انصاف کا نقصان زیادہ ہوا ہے۔