خبرنامہ پاکستان

سانحہ حویلیاں: جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے پمز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ حادثے کی میتوں کی شناخت کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جن میں سے 33 میتیں ورثاء کے حوالے کی جا چکی ہیں جبکہ تین غیرملکیوں کی لاشوں کی حوالگی کیلئے متعلقہ سفارتخانوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ باقی 11 افراد کی میتیں بھی جلد ان کے ورثاء کے حوالے کر دی جائیں گی۔ طارق فضل چودھری کے مطابق، میتوں کی ایبٹ آباد سے منتقلی، شناخت اور لواحقین کی حوالگی میں پی آئی اے انتظامیہ نے مکمل ساتھ دیا۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ شہید افراد کے لواحقین کو مجموعی طور پر پچپن لاکھ روپے فی کس مالی امداد فراہم کی جائے گی جس میں انشورنس کی رقم بھی شامل ہو گی۔ قبل ازیں چترال سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کی میتیں سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے چترال پہنچائی گئیں۔