خبرنامہ پاکستان

سانحہ کوئٹہ؛ آرمی چیف کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعظم کی کچھ دیر بعد روانگی

اسلام آباد:(اے پی پی) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ کوئٹہ کے بعد اپنی تمام مصروفیات منسوخ کردیں اور کچھ دیر بعد کوئٹہ روانہ ہوں گے۔ سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے اور انہوں نے سول اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے آج ہونے والی طے شدہ ملاقاتیں اور دیگر مصروفیات منسوخ کرتے ہوئے کوئٹہ جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں وزیراعظم اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کی جانب سے سانحہ کوئٹہ کے بعد چند اہم اعلانات متوقع ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزرا اور اعلی حکام بھی ہوں گے۔