خبرنامہ پاکستان

ستائس کلو چرس برآمدگی، کچن کی بدترین صورتحال: سیکرٹریٹ برہم

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے پی آئی اے کی پرواز سے 27کلو ہیروئن کی برآمدگی کے معاملے پر ابھی تک ذمہ د اروں کے خلاف کوئی ایکشن نہ ہونے اور پی آئی اے کے کچن میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پی آئی اے اور اے این ایف کے سربراہان کو طلب کرلیا‘ اٹلی جانے والی پرواز کی خاتون مسافر کے سامان سے 20تولے سونا غائب ہونے کے معاملے کی تحقیقات رکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی‘ کمیٹی کے چیئرمین رانا حیات نے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو کئی ماہ ہوگئے ابھی تک ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہیں کی گئی کمیٹی کو بھی استفسار کے باوجود جواب کیوں نہیں دیا جارہا۔ جمعہ کو قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد حیات کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ‘ کیبنٹ سیکرٹریٹ‘ پی آئی اے حکام سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ رانا حیات نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن حکام کی طرف سے طیارے سے 29 کلو ہیروئن برآمد ہونے کے معاملے پر ابھی تک کمیٹی کو رپورٹ پیش نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی ممبران نے انکشاف کیا کہ ہیروئن برآمدگی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ضائع کردی گئی ہے میجر ندیم جی ایم سکیورٹی ایوی ایشن نے آگاہ کیا کہ ایک دن قبل قطر ایئرویز کی پرواز سے بھی پاکستانی ایئرپورٹ پر ہیروئن برآمد کی گئی ہے کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پی آئی اے وار اے این ایف کے سربراہوں کو طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ ہیروئن برآمدگی واقعہ کے تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرکے آئندہ اجلاس میں کمیٹی کو آگاہ کیا جائے۔ کمیٹی کے ارکان نے پی آئی اے کچن کی صفائی پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ انسپکشن کے دوران مشاہدہ میں آیا کہ سٹاف کے لوگوں نے کچن کے اندر بھی گھر والے جوتے اور انگلیوں میں انگوٹھیاں پہن رکھی تھیں۔ کمیٹی کے رکن عرفان ڈوگر نے کہا کہ پی آئی اے کے کچن پر بھی عائشہ ممتاز کی ڈیوٹی لگائی جائے سب ٹھیک ہوجائیں گے ۔ عرفان ڈوگر نے کہا کہ میرے حلقے کی ایک بچی کا بیس تولے زیور ایئرپورٹ سے غائب کردیا گیا سکیننگ کے دوران پی آئی اے کے کچھ لوگوں نے زیور دیکھ لیا تھا پی آئی اے سٹاف نے پہلے زیور ساتھ لے جانے سے منع کیا پھر گم کردیا۔ اٹلی کے شہر میلان پہنچ کر بچی کو زیور نہیں ملا کمیٹی نے عرفان ڈوگر کی شکایت پر پی آئی اے سے اس معاملے پر بھی رپورٹ طلب کرلی چیئرمین کمیٹی رانا محمد حیات نے کہا کہ اس بارے تحقیقات کرکے جلد آگاہ کیا جائے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔