خبرنامہ پاکستان

سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ جھوٹ ثابت ہوا: خواجہ آصف

عمران خان جلسوں سے وزیراعظم نہیں

سیالکوٹ: (ملت+اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کا جو ڈرامہ رچایا گیا، ماضی کے سمجھوتہ ایکسپریس کی طرح جھوٹ ثابت ہوا۔ بھارتی خفیہ ادارے خود اس طرح کے واقعات جنریٹ کرتے رہتے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد آج بھی کشمیر میں کرفیو نافذ ہے۔ لوگ جمعہ کی نماز ادا نہیں کر سکتے۔ تحریک آزادی کشمیر فتح سے ہمکنار ہو گی اور بھارت کی موت کا پروانہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی مخالفت بیرونی طاقتوں کے علاوہ اندرون ملک میں بھی ہے تاہم سی پیک منصوبے کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ سی پیک ایک ایسی شریان ہے جس سے دیگر چھوٹی موٹی شریانیں لاتعلق نہیں ہو سکتیں، چاہے وہ افغانستان ہی کیوں نہ ہو۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارے دشمن کے ساتھ کھڑا ہے تو کوئی بات نہیں، ہم بھی اپنے رویے پر نظر ثانی کر سکتے ہیں۔