خبرنامہ پاکستان

سردی کی شدید لہر مزید 3 سے 4 روز جاری رہے گی،محکمہ موسمیات

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدید لہر مزید 3 سے 4 روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ آئندہ 3 روز کے دوران کراچی سمیت ملک کے ساحلی علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی اورآئندہ 3 سے 4 روز کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں کورا پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔پیر کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم تر درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق کالام میں درجہ حرارت منفی 14ڈگری سینٹی ، سکردو میں منفی 11، کوئٹہ، قلات منفی 10، راولاکوٹ منفی 8، گوپس، استور منفی 7، مری، دیر دالبندین منفی 6، مالم جبہ، پارہ چنار منفی5 ، چترال، بگروٹ، دروش، کاکول منفی 4 ژوب اورگلگت میں منفی3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا ، تاہم سیالکوٹ اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے۔ سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں ایک ملی میٹر، راولاکوٹ 2 اورکوٹلی میں منفی ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مری میں 3 اور راولاکوٹ میں ایک انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہیگا۔ تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا مکان ہے جبکہ پنجاب،خیبر پختو نخوا کے میدانی علاقوں اور سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔