خبرنامہ پاکستان

سرکاری اخراجات پر عازمین کو حج پر جانے سے روکنے کی درخواست پر نوٹس جاری

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (ملت + اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سرکاری اخراجات پر عازمین کو حج پر جانے سے روکنے کی درخواست پر وزارت مذہبی امور سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے مذہبی سکالر اورسینئر وکیل اسلم خاکی کی درخواست کی سماعت کی۔ وفاقی ترقیاتی ادارے کے ملازمین کے سرکاری حج کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ صرف سی ڈی اے ملازمین نہیں، سرکاری اخراجات پر عازمین کے حج کی حیثیت کو دیکھیں گے۔سرکاری اور قرض کی رقم سے حج کی شرعی حیثیت کے بارے عدالت کی معاونت کی جائے۔ عدالت نے وزارت مذہبی امور اور سی ڈی اے سے ایک ہفتے میں تحریری جواب طلب کرلیا۔