اسلام آباد:( آئی این پی)وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی بیرون ملک تقرری سے متعلق نئی پالیسی کی منظوری دے دی، تحریری امتحان پاس کرنا لازمی قرار دے دیا گیا، وفاقی حکومت اور وزارتوں کے صوابدیدی اختیارات ختم کر دئیے گئے۔ پاکستانی سفارتخانوں اوربیرون ملک دیگر تعیناتیاں کے لئے اب کم از کم 60 فیصد نمبروں کے ساتھ تحریری امتحان پاس کرنا ہو گا، وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد انہیں غیر ملکی اسٹیشنز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا آپشن دے گی۔ کسی سرکاری افسر کے عہدے کی معیاد میں توسیع ہو گی، نہ دوبار سے زیادہ بیرونی پوسٹنگ ملے گی۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بغیر پالیسی میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں کی جا سکے گی تاہم اس پالیسی کا اطلاق دفاع، انٹیلی جنس اور سکیورٹی امور سے متعلق پوسٹنگز پر نہیں ہو گا۔