خبرنامہ پاکستان

سرکاری ٹی وی پرخطاب کا حق صرف صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے، پرویزرشید

اسلام آباد:(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا عمران خان کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر خطاب کے اعلان پر کہنا ہے کہ پی ٹی وی پر قوم سے خطاب کا حق صرف صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے۔تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کے مطالبے پر اپنے ردعمل میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر تقریرکرنے کا حق ملک کے صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے جب کہ عمران خان کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی جتنا وقت حکومت کو دیتا ہے اتنا ہی وقت اپوزیشن کو بھی دیا جاتا ہے جب کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی پی ٹی وی انتظامیہ کا یہی کہنا تھا کہ ٹی وی پر تمام ارکان کو مساوی طور پر کوریج دی گئی۔پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے دھرنے کے دوران بھی بہت سی تقریریں کیں اور خالی کرسیوں سے خطاب کرکے کہتے تھے کہ وہ قوم سے خطاب کرکے قوم کو جگا رہے ہیں لیکن اس دوران بھی عمران خان کو براہ راست کوریج دی گئی اور اب بھی جتنی کوریج نجی ٹی وی چینلز دیں گے اتنا ہی وقت پی ٹی وی بھی دے گا۔