خبرنامہ پاکستان

سری دیوی کی موت کی تحقیقات دبئی کے پبلک پراسیکیوشن کے سپرد

سری دیوی کی موت کی تحقیقات دبئی کے پبلک پراسیکیوشن کے سپرد

ممبئی:(ملت آن لائن) بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کی موت معمہ بن گئی اور اب تحقیقات دبئی کے پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کردی گئی۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آنجہانی اداکارہ کی میت آج بھی ان کے لواحقین کے سپرد کیے جانے کا کوئی امکان نہیں جب کہ تحقیقاتی ٹیم نے ‘مجرمانہ غفلت’ کے زاویے کو بھی تفتیش میں شامل کرلیا ہے۔ سری دیوی کو اسپتال پہنچانے میں ‘جان بوجھ کر تاخیر’ کرنے کے مفروضے کو بھی تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش کا حصہ بنالیا۔ یاد رہے کہ دبئی میں ایمرجنسی کے متاثرہ فرد کو اسپتال پہنچانے میں اوسطاً 7 منٹ لگتے ہیں تاہم سری دیوی کو اسپتال پہنچانے میں کافی وقت لگا اور اداکارہ کی موت ایمرجنسی وارڈ میں لے جائے جانے سے پہلے ہی ہوچکی تھی۔ لیبارٹری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ سری دیوی نے شراب نوشی کر رکھی تھی اور جس وقت وہ پانی سے بھرے باتھ ٹپ میں گریں اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھیں۔ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے آنجہانی اداکارہ کے شوہر بونی کپور سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں اجازت کے بغیر دبئی نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے ہوٹل انتظامیہ، پیرامیڈیکس اور سری دیوی کے قریبی افراد سے بھی بیانات لئے جارہے ہیں۔ دوسری جانب سری دیوی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا سبب حادثاتی طور پر باتھ ٹپ میں ڈوبنا بتایا ہے جب کہ اس سے قبل حکام کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اداکارہ کی موت واقع ہوئی۔