لاہور:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے خلاف درخواست دائر کردی۔
خواجہ سعد رفیق کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ شہزاد سلیم (ن) لیگ کے خلاف پارٹی بن چکے ہیں، ان کے میڈیا پر حالیہ انٹرویو یہ ثابت کرتے ہیں، جب وہ ایک غیر جانبدارشخص نہیں رہے تو تفتیش کیسے شفاف ہوگی۔
(ن) لیگ کے رہنما کی درخواست میں کہا گیا ہےکہ ڈی جی نیب لاہور مسلم لیگ (ن) کے خلاف میڈیا ٹرائل کررہے ہیں اور ٹی وی پروگرام میں انکوائری کی اندرونی کہانیاں بیان کررہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے استدعا کی ہے کہ عدالت ڈی جی نیب کو ٹی وی پروگرام میں جانے سے روکنے کا حکم دے اور شہزاد سلیم کے پاس (ن) لیگ کے جتنے رہنماؤں کی انکوائریاں ہیں انہیں ختم کرکے کہیں اور منتقل کیا جائے۔
واضح رہےکہ ڈی جی نیب لاہور نے حال ہی میں میڈیا کو انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے شہبازشریف کے خلاف نیب کیسز پر بات کی تھی جس کے بعد اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں ڈی جی نیب کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرنے کی کوشش کی جس کی حکومت نے اجازت نہیں دی۔
علاوہ ازیں چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بھی ڈی جی نیب کے میڈیا انٹرویو کا نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے اس کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے اور نیب افسران کے میڈیا پر انٹرویوز پرپابندی عائد کردی ہے۔