خبرنامہ پاکستان

عمران خان اور شیخ رشید سپریم کورٹ کے خودساختہ ترجمان بنے ہوئے ہیں، سعد رفیق

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان ،شیخ رشید اوراعتزاز احسن عدالت کے خودساختہ ترجمان بنے ہیں، ان تینوں کی تقاریر بھی عدالت میں جمع کروانے میں کوئی مضحکہ نہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وہ کس بات کی معافی مانگیں، انہوں نے کوئی توہین عدالت نہیں کی بلکہ اپنا موقف پیش کیا، سپریم کورٹ تقریروں کا متن مانگ سکتی ہے اور جے ٹی آئی سے متعلق ان کی تقریروں کا متن اٹارنی جنرل آفس کو جمع کروانا ہے۔ عمران خان ،شیخ رشید اور اعتزاز احسن عدالت کے خود ساختہ ترجمان بنے ہیں، ان تینوں کی تقاریر بھی عدالت میں جمع کروانے میں کوئی مضحکہ نہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ ہم پاکستان کو آگے لےکر جانا چاہتے ہیں لیکن مخالفین ہمیں کھینچنے کے چکر میں ملک کو پیچھے لے جارہے ہیں، اچھا ہوتا کہ سیاسی جماعتیں کارکردگی کی بنیادپرآگے بڑھنے کی کوشش کرتیں لیکن ہمارا وقت ضائع کرنے کے لیے دھاندلی کےالزامات اور دھرنے جیسے طریقے استعمال کیے گئے۔ پاناما پیپرزاسپانسرڈ سازش ہے،اس کا ہدف پاکستان تھا۔ بتائیں کون سی کرپشن ہوئی ہے اور کہاں ہوئی ہے۔ پاناما کیس اب قانونی انداز سے لڑا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام آپشن زیر غور ہیں۔ انہوں نے پہلے بھی مشورہ دیا تھا کہ ہمیں جو آئینی تحفظ حاصل ہے اس سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے، جے آئی ٹی کی رپورٹ چیلنج کی جائے گی، اس کے علاوہ آئین کے آرٹیکل 184/3کے دائرہ اختیار کو چیلنج نہ کرنے پر پارٹی میں پہلے بھی بہت آوازیں اٹھی ہیں۔