خبرنامہ پاکستان

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ بن محمد بن ابراہیم الشیخ پاکستان کے تین روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد:(اے پی پی) سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ بن محمد بن ابراہیم الشیخ پاکستان کے تین روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ پاکستان میں قیام کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف سمیت پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ڈاکٹر عبداﷲ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر سپیکر سردار ایاز صادق نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سعودی وفد کے ارکان اور پاکستان کے ارکان پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے اپنے دورہ کی یادگار کے طور پر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔