خبرنامہ پاکستان

سعودی عرب میں پھنسےپاکستانی تاحال مدد کےمنتظر

الجبیل (اے پی پی) سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات دور نہ ہوسکیں ، وزیر اعظم کے حکم کے بعد سفارتی عملہ دمام کے کیمپوں کے رابطے میں آگیا لیکن صنعتی شہر الجبیل میں پھنسے پاکستانیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ دمام ، جدہ کے بعد اب الجبیل دنیا نیوز سعودی عرب کے شہرشہر پھنسے پاکستانیوں کی آواز بن گیا ۔ وہ پاکستانی جنہیں دیار غیر میں اپنے بھی پوچھنے کو تیار نہیں اور وہ قیدیوں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ یہ ہیں سعودیہ کے ساحلی اور صنعتی شہر الجبیل میں پھنسے ایک سو پچاس پاکستانی جو ریدیکو کمپنی کے ملازم ہیں ، انہیں 8 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ، ایک سال سے اقامہ ختم ہے اور سات ماہ سے عدالت کے چکر پہ چکر لگا رہے ہیں ۔ گھر میں کھانے کو کچھ نہیں ، باہر نکلیں تو پولیس پکڑ کر لے جاتی ہے ۔ الجبیل میں پھنسے پاکستانی انصاف کے طالب ہیں ۔ امداد کے منتظر ہیں ۔ وزیر اعظم نے احکامات تو دے دیئے ، دنیا نیوز نے نشاندہی بھی کر دی ، اب دیکھنا ہے ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ کب تک سعودیہ میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات حل کراتا ہے ۔