خبرنامہ پاکستان

سعودی عرب کا پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ

سعودی عرب کا پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزارت حج کی جانب سے پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کے اضافے کا عندیہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم سعودی عرب کی جانب سے اس کی باضابطہ اطلاع وزارت مذہبی امور کو دے دی گئی ہے جس کے بعد رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 کے بجائے ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ حج پالیسی کے تحت اضافی کوٹا پرائیویٹ ٹور آپریٹرز میں تقسیم کیا جائے گا۔

………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…بیک وقت تین طلاق کو جرم قرار دیا جائے گا، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ بیک وقت تین طلاقوں کو قابلِ سزا جرم قرار دیا جائے گا جس کے لیے بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ بی بی سی اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سفارشات تیار کر لی گئی ہیں جو جلد ہی پارلیمان میں پیش کر دی جائیں گی ہم اس پر بل تیار کر رہے ہیں جو وزارت قانون کو بھیجا جائے گا اور وہ اس پر سزا تجویز کرے گی جس کے بعد بیک وقت تین طلاقوں کی ممانعت کی جائے گی اور یہ قابلِ سزا جرم ہو گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بیک وقت تین طلاقیں دینے کی صورت میں طلاق تو ہو جائے گی تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ عدالت میں قاضی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے یہ تاثر پھیل گیا ہے کہ ہم نے صرف خواتین کو ہی موضوعِ بحث بنایا ہے لیکن ہم نے خواتین کے حقوق کے بارے میں سفارشات بھی مرتب کی ہیں اس کے علاوہ ہم نے معیشت، تعلیم اور ابلاغِ عامہ کے حوالے سے بہت کام کیا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا شیرانی کے متنازع بیانات ان کی ذاتی رائے ہیں خواتین معاشی سرگرمیوں کا فعال حصہ ہیں اور عفت اور حیا کے دائرے کے اندر ان پر معاشی سرگرمیوں کا حصہ بننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔