خبرنامہ پاکستان

سلمان مجاہد اپنی عداوت کی بنیاد پر مجھے برباد کرنا چاہ رہے ہیں: علینہ کا دعویٰ

سلمان مجاہد اپنی عداوت کی بنیاد پر مجھے برباد کرنا چاہ رہے ہیں: علینہ کا دعویٰ

کراچی: (ملت آن لائن) شہر قائد میں ایم کیو ایم رہنماء سلمان بلوچ پر خاتون سے زیادتی کا معاملہ، ارم عظیم فاروقی نے بھی اہم انکشافات کر دیئے، کہتی ہیں متاثرہ لڑکی نے سلمان بلوچ کے خلاف مدد کے لئے رابطہ کیا، علینہ اور اس کی والدہ کی دبئی میں گھومنے پھرنے کی تصاویر نے بھی کئی سوال اٹھا دیئے۔ ایم این اے سلمان مجاہد بلوچ کا معاملہ الجھ گیا۔ علینہ نامی خاتون نے سلمان بلوچ پر زیادتی کا الزام لگایا لیکن میڈیا کو جو تصاویر دی گئیں ان میں خاتون سلمان بلوچ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں کیک کاٹتی نظر آئی۔ سلمان بلوچ ان تصویروں کو جعلی قرار دے چکے ہیں مگر سلمان بلوچ کے خلاف الزام اس وقت مزید مستحکم ہوا جب امریکہ سے حال ہی میں لوٹنے والی سابق متحدہ رہنماء ارم عظیم فاروقی نے بھی متاثرہ لڑکی کے رابطہ کرنے کا قصہ سنایا۔ ادھر علینہ اور اس کی ماں نازیہ کی دبئی کی تصاویر بھی منظرعام پر آ گئی ہیں۔ سلمان بلوچ کہتے ہیں کینسر کا بتا کر چالیس لاکھ روپے اینٹھنے والے غریبوں کے پاس دبئی کے ساحل پر تفریح کے لئے پیسے کہاں سے آئے؟ علینہ کی والدہ کے خلاف سائٹ تھانے میں چیک باؤنس کا مقدمہ بھی درج ہے۔ دوسری طرف صارم برنی کا کہنا ہے کہ علینہ حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کر رہی ہے اور تحفظ ملنے تک میڈیا کے سامنے نہیں آئے گی۔
علینہ کی دنیا نیوز سے گفتگو
سلمان اپنی عداوت کی بنیاد پر مجھے برباد کرنا چاہ رہے ہیں، انہیں صرف یہ تکلیف ہے کہ میں نے شادی کیوں کی، سلمان مجاہد سے کہیں کہ اگر میں نے 40 لاکھ لئے ہیں تو وہ ثابت کریں، میں ایک ایک پائی دینے کو تیار ہوں، میں سلمان مجاہد کے خلاف ایف آئی اے میں بھی گئی لیکن کسی نے میری نہ سنی، میں نے انیس قائم خانی سے بھی رابطہ کیا تھا، انہوں نے ایک شخص کو تفصیلات معلوم کرنے کیلئے میرے پاس بھیجا تھا لیکن کسی نے میری مدد نہیں کی۔ علینہ نے اپیل کی کہ ڈی جی رینجرز ان کو اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سلمان مجاہد بلوچ نے شاہد خاقان عباسی کو ایئر بلو میں میری نوکری کے لئے درخواست بھیجی تھی، میں نے منع بھی کیا اور کہا کہ میں ایئرہوسٹس کی نوکری نہیں کرنا چاہتی لیکن انہوں نے میری بات نہ مانی، وہ چاہتے تھے کہ میرا اسلام آباد اور ادھر ادھر آنا جانا لگا رہے اور میں ان کے ساتھ گھومتی پھرتی رہوں۔
ارم عظیم فاروقی کی دنیا نیوز سے گفتگو
اسی حوالے سے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے ارم عظیم فاروقی نے کہا کہ علینہ نے مجھ سے میرے امریکہ جانے کے بعد رابطہ کیا تھا، علینہ نے ساری باتیں مجھے بتائی تھیں، علینہ کو انیس قائم خانی سے رابطہ کرنے کا کہا تھا، اس وقت کسی نے بھی علینہ کی مدد نہیں کی تھی، اس سے کہا تھا کہ ثبوت کیساتھ پریس کانفرنس کرنا، الزام نہ لگانا لیکن اس وقت اس نے میری بات نہیں مانی، جب پولیس نے اس کے گھر پر ریڈ کیا تو اس نے مجھ سے رابطہ کیا اور میں نے پولیس والوں سے فون پر بات کی اور انہیں خبردار کیا کہ اس طرح کسی خاتون کو ہراساں کرنا مناسب نہیں جس کے بعد وہ علینہ کے بھائی کو تھانے لے گئے تھے۔ ارم عظیم فاروقی نے مزید کہا کہ علینہ کے پاس سلمان مجاہد بلوچ کی تصویریں اور ویڈیو بھی موجود ہے، علینہ کے مطابق، سلمان مجاہد بلوچ کہہ رہے ہیں کہ ان کو گھمانے پھرانے، شاپنگ کرانے وغیرہ پر جو خرچ کیا، وہ واپس کرو۔