خبرنامہ پاکستان

سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

کراچی: (اے پی پی) بے سہاروں کا سہارا ، پیکر انسانیت ، فخر پاکستان بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کراچی نیشنل سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں صدر پاکستان ، تینوں مسلح افواج کے سربراہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب ، وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سمیت ایدھی صاحب سے محبت کرنیوالوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ ایدھی صاحب کو سلامی بھی پیش کی گئی ۔ خدمت کا ایک عہد تمام ہوا ، دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالا ہم میں نہ رہا ۔ عبدالستار ایدھی کو شاندار طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ ایدھی صاحب کی نماز جنازہ مولانا احمد خان نیازی کی امامت میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں صدر ممنون حسین ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، ائیرچیف سہیل امان ، پاک بحریہ کے سربراہ محمد ذکا ءاللہ ، چیئرمین سینیٹ رضاربانی ، وفاقی وزرا ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف ، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، کور کمانڈ کراچی ، ڈی جی رینجرز بلال اکبر اور سیاسی شخصیات سمیت ایدھی صاحب سے محبت کرنیوالوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ عبدالستار ایدھی کے جسد خاکی کو سخت سیکیورٹی میں قومی پرچم میں لپیٹ کر نیشنل سٹیڈیم پہنچایا گیا ، پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں ۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ نیشنل سٹیڈیم میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے ۔ میٹھا در میں ایدھی صاحب کا آخری دیدار کرایا گیا جہاں بھی ان کے چاہنے والوں کا تانتا بندھا رہا ۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور ایدھی صاحب کو خراج عقیدت پیش کر رہی تھی ۔