اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وزارت اورسیز پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل کی طرف سے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے قائم آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح (کل) بدھ کو ہو گا۔ وزارت کے سیکرٹری خضرحیات خان باضابطہ افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر یورپی یونین کی نمائندہ برناڈ فرانکوئس اور آئی ایل او کی آفس انچاج بریندہ چندہ بھی موجود ہو گی۔ سسٹم کے تحت شکایت کنندہ کو اپنی شکایت درج کرانے کے بعد اس پر عمل درآمد کی صورت حال کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل ہو گی اور سمندر پار پاکستانیوں کے مفادات کا بہتر تحفظ ہوگا۔ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو ملک کے لئے کثیر زرمبادلہ کماتے ہیں جنہیں بعض اوفات کی مسائل کا سامنا رہتا ہے جن میں بھرتی کے عمل میں غیررجسٹرڈ ایجنٹوں کی جانب سے استحصال اور دیگر مسائل شامل ہیں جن کے حل کے لئے جامع اور شفاف نظام سے ان کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ یورپی یونین کے تعاون سے تارکین کے لئے 3 سالہ پراجیکٹ پر عملدرآمد کر رہا ہے جس کا مقصد بیرون ملک کارکنوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔